آج گھر میں بجلی جانے کے بعد UPSبھی بند ہورہا تھا۔ اتفاق سے لیپ ٹاپ کی بیٹری بھی چارج نہیں تھی اور موبائل کی بیٹری بھی تقریبا اختتام پر تھی۔اس لمحہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ تھوڑی ہی دیر بعد بغیر موبائل اور بغیر لیپ ٹاپ کیا کروں گا؟
کیا پین پیپر لے کر لکھنا شروع کردوں گا؟ کدھر گئی ساری ترقی جو ایک چھوٹی سی مشین کے اندر بند ہے؟
ہم ایک چھوٹا سا ڈبہ ہاتھ میں پکڑ کر دنیا کے انسانوں کے ساتھ مصروف ہیں ، کاروبار کررہے ہی، ان کے بارے میں جانکاری رکھ رہے ہیں لیکن اس ڈبے کے بند ہوجانے کے بعد ہم کدھر کھڑے ہیں ؟
دنیا بھر میں کیش سسٹم ختم کرواکر بینک کے نام پر جو جال بچھایاجارہا ہے اب اس پر مشینی رقم کی انٹری کی جارہی ہے جس کی اپنی حیثیت کیا ہے؟
اس وقت میرے پاس کیش میں چند سو روپے موجود ہیں۔ باقی رقم بینک میں ہے۔ لیکن ایک منٹ کے لیے تصور کریں کہ بجلی نہ ہونے کی صورت میں میرا لیپ ٹاپ اور موبائل دونوں میرے لیے بے کار ہوگئے ہیں۔ اگر بجلی نہ ہو تو کیا بینک سے رقم نکلوائی جاسکےگی؟ اس صورتحال میں پیسہ کہاں سے لاوں گا؟ یعنی آپ کے پاس کیش بھی نہ ہو اور آپ مکمل بے بس ہوجائیں گے۔
بینک میں موجود آپ کی دولت جو صرف ایک کمپیوٹر میں موجود نمبر ہیں اگر کسی صورت جنگ ہوجائے یا ملکی حالات خراب ہوتے ہیں یا قدرتی آفت (مثلا زلزلہ) کے سبب صرف بجلی کا نظام ہی درہم برہم ہوجائے تو آپ کنگال ہوچکے ہیں۔آپ اپنی ضرورت کے لیے کچھ خرید یا بیچ بھی نہیں سکیں گے ۔
آپ دیکھ لیں کہ پاکستان میں بھی اب بہت تیزی سے کیش ختم کرکے بینک کے ذریعے پابند کیا جارہا ہے اور لوگوں کو کیش وغیرہ سے ہٹا کر کارڈ اور مشینوں سے رقم استعمال کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگوں کو شعور بھی نہیں کہ مستقبل میں یہ کس قدر خوفناک صورتحال کا سامنا کرسکتے ہیں۔
آپ نے پڑھا ہوگا کہ دجال کے وقت پر لوگ اس سے کھانا پینا لینے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اگر میری بتائی ہوئی صورتحال کو سمجھیں تو ایک بٹن دبانے پر دنیا کے انسانوں کی دولت جو صرف مشین پر نظر آتی ہے (اور جس طرف انسانوں کو آہستہ آہستہ منتقل کیا جارہا ہے) وہ ان کے اختیار سے باہر کردی جائے گی۔
آپ کے پاس بے شک جتنے مرضی بنگلے، گھر، گاڑیاں، موبائل، کپڑے، لیپ ٹاپ اور عیش و عشرت کا سازو سامان ہو لیکن آپ اس با ت سے انکار نہیں کرسکتے کہ آپ کی بنیادی ضرورت چند وقت کا کھانا اور پانی ہی ہے۔
اگر آپ کو ایک دن کھانا پانی بند کردیا جائے تو آپ کدھر کھڑے ہیں؟
کیا آپ کی ساری زندگی کی کمائی آپ کے کسی کام آئے گی؟ ہرگز نہیں۔
جدید ٹیکنالوجی کے سہارے جتنی بلند عمارتیں اور خواب کھڑے ہیں وہ سب کے سب ایک بٹن کی مار ہیں اور دنیا کے انسانوں کو جب تک یہ بات سمجھ آئے گی تب تک ان کو کنگال کرنے کا کھیل ناجانے کہاں پر ہوگا۔