وہ کفر کی گندگی انہی لوگوں پر ڈالتا ہے جو عقل سے کام نہیں لیتے (لیجنڈری قرآن 10.100)

دشمنی سے نہیں ہوتا وہ قبر میں فنا
اپنے حکم سے زندگی جسے دیتا ہے خدا

Legend Muhammad Zeeshan Arshad

تعارف | تحریریں | ویڈیوز | English

اکیسوی صدی اور مسلمانوں کی ترقی

ذیشان ارشد

May 25, 2017

میرے ذاتی تجربہ اور غورفکر کے مطابق یہ بات تو واضح ہے کہ قرآن اللہ کا ایسا کلام ہے جوبنی نوع انسان کو عبادت کے علاوہ کائنات پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے اور ایک پڑھا لکھا انسان مثلاً سائنسدان، انجینئر، ڈاکٹر وغیرہ جب اس کا کھلے دل و دماغ سے مطالعہ کرتا ہے تو اسے اپنے علم کے مطابق اِ س قرآن کے سمندر سے موتی مل جاتے ہیں۔

بدقسمتی یہ ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت اسے محض مذہبی کتاب کی حیثیت دیتی ہے۔ اوریہ قرآن مسلمانوں کے گھروں  میں سالوں پڑا گرد آلود رہتا ہے۔ اول تو کوئی اسے سمجھنے کیلئے کھولتا ہی نہیں ہے ۔ جو کھولتا ہے وہ بھی اپنے فرقے کے موافق آیات ڈھونڈتا ہے تاکہ انہیں گولی کی طرح دوسروں پر فٹ کردیا جائے اور اپنے ٹارگٹ پر فائر کیا جائے یا دوسروں پر جج بن کر احکامات دینا شروع کردیے جائیں۔

نوجوان نسل میں اکثریت کا تو دور تک قرآن سے دوستی کا تعلق ہی نہیں ہوسکا۔ہمارے بڑے بوڑھے بھی اسے ایک ثواب کی کتاب،کسی کے مرنے پر قرآن خوانی کی کتاب، کسی تقریب کیلئے باعث برکت،مشکلات کیلئے وظائف کی کتاب اور اسی طرح اپنے اپنے مواقع کے مطابق اسے استعمال کرنے کی چیز سمجھتے ہیں۔

مجال ہے کہ کبھی قرآن کو ہدایت لینے کی غرض سے کھولیں، اللہ سے باتیں کرنے کیلئے کھولیں، دلوں کے زنگ کو دور کرنے کیلئے کھولیں، ریسرچ کرنے کیلئے کھولیں، کائنات کے اسرار جاننے کیلئے کھولیں۔

وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہوکر
اور تم ہوئے ذلیل و خوار تارک قرآن ہوکر

البتہ مسلمانوں نے کچھ معاملات میں بہت زیادہ ترقی کرلی ہے۔سب سے زیادہ ترقی شعبہ کفر ہے جس میں ایک دوسرے کو صرف سوچ سے اختلاف کے سبب بھی کافر و جہنمی قرار دینا بہت ہی معمولی بات ہے۔

اس کے علاوہ دوسرے ترقی یافتہ شعبہ جات جھوٹ، غیبت،بے حیائی، مکاری، ملاوٹ، ناپ تول میں کمی، امانت میں خیانت، قتل و غارت، ،گالیاں دینا، فحش باتیں، لڑکیوں کے چکر میں موبائلزاور انٹرنیٹ کا استعمال وغیرہ۔ غرض یہ کہ جتنی معاشرتی و اخلاقی برائیوں کی فہرست ہے وہ مسلمانوں میں باآسانی دیکھی جاسکتی ہے۔

میرے خیالات سے کوئی اتفاق کرے یا نہ کرے لیکن ذرا مسلمانوں کی تحقیق و ریسرچ کی انتہا دیکھئے:

  • اسلام میں کونسا فرقہ جنتی اور دوخی ہے؟
  • قرآن کسی مترجم کا پڑھنا چاہئے؟
  • موسیقی جائز ہے یا ناجائز؟
  • تصویر بنانا چاہئے یا نہیں ؟
  • ڈاڑھی کا سائزکتنا ہونا چاہے؟ 
  • پائجامہ ٹخنوں سے اوپر رکھیں یا نیچے؟
  • کونسے فرقے کے امام کے پیچھے نماز پڑھی جائے؟
  • آمین زور سے کہیں یا آہستہ؟
  • نماز میں ہاتھ سینے پر باندھیں یا زیر ناف؟
  • حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حاظر ہیں یا ناظر؟
  • فاتحہ کرنا جائز ہے یا ناجائز؟

اور مذکورہ سوالات پر صدیوں سے بحث و مباحثہ چل رہے ہیں جیسا کہ یہ امت مسلمہ کے لیے بہت بڑے اور اہم اشو ز ہیں۔ جبکہ دوسری جانب وہ غیرمسلم ہیں جنہیں ہم گالیا ں دیتے ہیں۔ذرا  انکی تحقیق و ریسرچ دیکھئے:

  • بجلی
  • ٹیوب لائٹ
  • بلب پنکھا
  • ٹیلیویژن
  • ریفریجریٹر
  • ٹیلیفون
  • موبائلز
  • کیمرہ
  • کمپیوٹر
  • انٹرنیٹ
  • لیپ ٹاپ
  • وائرلیس ،
  • سیٹیلائٹ
  • گاڑی
  • موٹر سائیکل
  • ریل گاڑی
  • ہوائی جہاز
  • جدید اسلحہ جات و تباہ کن ٹیکنالوجی
  • ورچوئل ریئیلیٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس
  • روبوٹس اور خود کار مشینی نظام

غیرمسلموں کی جدید سائنس جس بنیاد پر کھڑی ہے اس کے پیچھے مسلم سائنسدانوں کا ہاتھ ہے اور ہمارے علوم کے ذریعہ غیرمسلموں نے ترقی کرلی جبکہ شیطان نے اکثر مسلمانوں کو بہت چالاکی سے فضول بحث و مباحثہ میں الجھاکر رکھا ہوا ہے   لہذا اس سے خود ہی اندازہ لگالیں کہ مسلمان ہونے کے باوجود ہم کیوں دنیا میں ذلیل و خوار ہورہے ہیں۔


Copyright © 2011 - 2023 All rights reserved.